اقوام متحدہ: پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی مندوب کا بیان مسترد کردیا

نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی مندوب کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری ذوالفقار علی نے اقوام متحدہ کی چھٹی کمیٹی کے ایجنڈا آئٹم "انسانیت کے خلاف جرائم” پر بحث کے دوران بھارتی مندوب کے بیان کے جواب میں واضح کیاکہ عالمی ادارے کی قراردادوںمیں کشمیریوں کو انکے ناقابل تنسیخ حق ِ خودارادیت کی ضمانت دی گئی ہے اوربھارت کا دعویٰ کہ کشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے، بین الاقوامی قانون، تاریخ اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی قرار دینا غیر منصفانہ اور غلط فہمی پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوجی موجودگی اورظلم و تشدد سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبایانہیں جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ریفرنڈم کا مطالبہ دہراتا ہے۔پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور انصاف کے حصول کے لیے اپنی آواز بلند کرے۔






