اوورسیز پاکستانی ملک کے اصل سفیر ہیں،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

واشنگٹن:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے اصل سفیر ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعاصم منیر نے واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات میں کہاکہ وورسیز کمیونٹی پاکستان کے اصل سفیر ہیں۔ انہوں نے ملکی معیشت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون اور روابط کی اہمیت پر زور دیا ۔انہوں نے ترسیلات زراور سرمایہ کاری خصوصا معیشت اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی نمایاں خدمات کی تعریف کی ۔ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق میں کامیابی سمیت پاک فوج کی شاندار کارکردگی، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سمندر پار پاکستانیوں نے فیلڈ مارشل کے ساتھ اپنے تجربات اور تجاویز شیئر کیں۔ملاقات کے اختتام پرایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر امریکی فوج کے 250ویں یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کیلئے واشنگٹن میں ہیں ۔اپنے 5روزہ سرکاری دورے کے دوران وہ اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے ،جن کامقصد پاک امریکا عسکری اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔





