مقبوضہ کشمیر : حادثات میں ایک بھارتی فوجی اور دو پورٹرز ہلاک

سرینگر: غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دو الگ الگ حادثات میں بھارتی فوج کاایک اہلکا راور دو پورٹر ہلاک ہو گئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع بارہمولہ کے بالائی علاقے گلمرگ میں ایک فوجی چوکی کی طرف جاتے ہوئے پھسل کر ایک نالے میں گرنے سے دو پورٹر ہلاک ہو گئے ہیں ۔قابض حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کی شام کو پیش آیا، جب دونوں پورٹرلیاقت احمد دیدارڈ اور اشفاق احمد کھٹانہ انیتا پوسٹ کی طرف جا رہے تھے، جس کا شدید برف باری کی وجہ سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔ برفباری اور پھسلن کی وجہ سے دونوں پورٹر اپنا توازن برقرارنہیں رکھ سکے اور پھسل کر ایک نالے میں جاگرے۔
ادھرہیرا لال نامی ایک بھارتی فوجی اہلکار ضلع بارہمولہ کے علاقے شیری میں رات کے وقت گشت کے دوران اونچائی سے پھسل کر گرنے سے ہلاک ہو گیاہے۔بھارتی حکام کے مطابق فوجی گرنے کے بعد بے ہوش ہوگیا اور اسے فوری طور پر بارہمولہ گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا۔جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔





