نتیش کمار کی طرف سے مسلم خاتون کا حجاب کھینچنے کے خلاف پاکستان بھر میں بھارت مخالف مظاہرے
اسلام آباد:
بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کے خلاف عالمی سطح پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے، خاص طور پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا حجاب زبردستی کھنچنے کے شرمناک واقعے پر شدید رغم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بہار کے وزیر اعلیٰ کے شرمناک اقدام کی شدید مذمت کی گئی تھی۔ مظاہرین نے بھارتی قیادت اور بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی کے خلاف نعرے بازی کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کے مذہبی لباس کو زبردستی ہٹانا بنیادی انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اس موقع پر مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کے ادارے اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کو فروغ دیتے ہیں۔






