راجستھان میں پاک بھارت سرحد کے قریب پراسرار دھماکے سے خوف وہراس پھیل گیا
جے پور: بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جیسلمیر میں پاک بھارت سرحد کے قریب واقع راجستھان اسٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ انویسٹمنٹ کارپوریشن (RIICO)کے علاقے میں ماربل فیکٹری میں ایک پراسرار دھماکہ کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق زوردار دھماکے سے کارکنوں اور قریبی رہائشیوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ابتدائی طور پر کہا جاتا ہے کہ یہ دیوالی کا پٹاخہ تھا۔ تاہم معائنہ کرنے پرفیکٹری کے ایک کارکن نے ٹین کی چھت میں ایک سوراخ اور آگ کے شعلے دیکھے۔ اگلی صبح ایک بھاری دھاتی چیز ملی جو ایک شیل سے مشابہت رکھتی ہے جبکہ اس کے نزدیک ایک پیراشوٹ پڑا تھا۔پولیس اوربھارتی فورسز نے فوری طور پر علاقے کومحاصرے میں لیا اورتحقیقات میں مدد کے لئے فوج کو طلب کرلیا ۔ حکام نے ابھی تک دھاتی چیز کی اصلیت کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔فیکٹری کے بین الاقوامی سرحد کے قریب ہونے کے پیش نظر حکام اس واقعے کو ایک سنگین سیکورٹی مسئلے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ علاقے کے رہائشیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور کوئی بھی مشتبہ چیز دیکھنے کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔مبصرین کا کہناہے کہ یہ واقعہ ایک بار پھر پراسرار دھماکوں اور بالخصوص سرحدی علاقوں میں بھارتی فوج کی غلطیوں کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ اس طرح کے واقعات بھارتی فوج میںایک معمول ہے۔ حالیہ برسوں میں اس طرح کے واقعات نے بھارت کے حساس فوجی سازوسامان اور دفاعی علاقوں کے قریب شہری علاقوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کئے ہیں۔






