آسام:ریلوے لائن پر حالیہ دھماکہ ریاست میں بڑھتی ہوئی علیحدگی پسندی کا عکاس

دسپور : شورش زدہ شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام کے ضلع سیواساگر میں کولکاراچار اور صلاح کاٹی ایسٹ اسٹیشن کے درمیان ریلوے لائن پر ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس سے ریلوے لائن کو شدید نقصان پہنچا اور ٹرینوں کی آمد ورفت شدید متاثر ہوئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رواں ماہ ا ب تک آسام میں ریلوے لائنوں پر تخریب کاری کے کئی واقعات پیش آئے، جن کی ذمہ داری یا تو یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا) یا اس کی ذیلی تنظیموں پر عائد کی جا رہی ہے۔ یہ واقعات بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں بڑھتی علیحدگی پسندی، سیاسی بے چینی اور نئی دلی کی طرف سے جاری ناانصافیوں کے تسلسل کی عکاسی کرتے ہیں۔
ضلع سیواساگر میں ریلوے لائن پر ہونے والا حالیہ دھماکہ ریاست میں جاری بغاوت اور علیحدگی پسندی پر ریاستی کنٹرول کی ناکامی کی کھلی علامت ہے ۔یہ حملہ بظاہر علیحدی پسند جماعت الفا یا اس کے عسکری دھڑوں کی کارروائی ہے، جو دہائیوں سے بھارتی ریاست کے جبر، معاشی لوٹ مار اور مقامی آبادی کی بے دخلی کے خلاف برسر پیکار ہے اور بھارت سے علیحدگی کا مطالبہ کر رہی ہے۔1979 میں سیواساگر ہی میں قائم ہونےوالی الفا دراصل بھارت کی نوآبادیاتی پالیسیوں کے خلاف ایک ردِعمل تھا ۔ آسام کے قدرتی وسائل جیسے تیل، کوئلہ، چائے اور لکڑی کی لوٹ مار کے باوجود مقامی عوام کو غربت، بیروزگاری اور سیاسی پسماندگی کے اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ ظالمانہ فوجی کارروائیوں، جبری گرفتاریوں، اور انسانی حقوق کی پامالیوں نے مزاحمت کو دبانے کے بجائے اسے مزید بھڑکایا ہے۔ دہائیوں کی سیاسی بے اعتنائی نے الفا کی مسلح جدوجہد کو باقاعدہ طور پر خودمختاری اور بھارت سے علیحدگی کی تحریک میں بدل دیا ہے۔KMS-07/M






