برسلز : مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے تصویری نمائش

برسلز : بلجیم کے دارلحکومت برسلز میں پاکستانی سفارتخانے میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک ہفتے تک جاری رہنے والی تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ تصویری نمائش کا انعقاد 27 اکتوبر کو منائے جانے والے” یوم سیاہ“ کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ”کشمیر کا یوم سیاہ: ایک بھولا ہوا سانحہ“ کے عنوان سے نمائش کا افتتاح یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے کیا اور یہ ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔
نمائش میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ جموں وکشمیر میںہونے والے انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے تصاویر اور اس بارے میں دیگر دستاویزی ثبوت موجود ہیں ۔
سفیر رحیم حیات قریشی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر جموںوکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے 1947میں اس دن تقسیم برصغیر کے فارمولے او ر کشمیریوں کی خواہشات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں وکشمیر پر قبضہ کیا۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور اس حوالے سے بھارت کا محاسبہ کرے۔KMS-01/M




