جدہ:پاکستانی قونصلیٹ میں یوم سیاہ کشمیر کی خصوصی تقریب
ظلم اور ناانصافی ہمیشہ قائم نہیں رہ سکتے، ایمبسیڈر محمد فواد شیر
جدہ : جدہ میں بھی پاکستانی قونصلیٹ میں یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب ایمبسیڈر محمد فواد شیر نے کہا کہ کشمیری عوام کا درد و کرب آج بھی دنیا کے ضمیر پر ایک اجتماعی زخم کی حیثیت رکھتا ہے۔تاہم انہوںنے کہاکہ ظلم اور ناانصافی ہمیشہ قائم نہیں رہ سکتے۔ بھارتی جارحیت اور تسلط کا سورج ضرور غروب ہوگا۔ حق خودارادیت کشمیریوں کا پیدائشی اور ناقابل تنسیخ حق ہے، جو وہ ان شا اللہ بہت جلد حاصل کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ بغداد، عراق میں حالیہ منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 52 ویں اجلاس میں جموں و کشمیر سے متعلق منظور کی گئی حالیہ قرارداد اور اعلامیہ نے مسئلہ کشمیر کے لیے او آئی سی کی مسلسل حمایت کو اجاگر کیا ہے۔
قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم اور برادر ملک سعودی عرب کے مضبوط اور مسلسل تعاون پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
تقریب سے جدہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مسعود احمد پوری اور جموں و کشمیر اوورسیز کمیونٹی کے چیئرمین عارف مغل نے بھی خطاب کیا اور بھارت کے غیر قانونی قبضہ جموں و کشمیر میں عوام کی ابتر صورتحال پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
تقریب میں ڈاکٹر طلحہ الکشمیری کی کشمیر پر عربی میں تصنیف ”چنار کے درختوں کے درمیان”بھی پیش کی جو کشمیر کے موضوع پر عربی زبان میں لکھا گیا پہلا ناول ہے۔ اس ناول میں مسئلہ کشمیر کو انسانیت، محبت، ثقافت اور کشمیر کی خوبصورتی کی زبان میں انتہائی خوبصورتی سے بیان کیا گیا ہے۔









