مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری بھارتی قبضے کو کبھی قبول نہیں کریں گے،27اکتوبر کو بطور ”یوم سیاہ“منایا جائےگا، حریت کانفرنس

شہداءکے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، غلام احمدگلزار

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے 27 اکتوبر کو کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر مسلسل غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف احتجاج درج کرانے کیلئے اس دن کو”یوم سیاہ“ کے طور پر منائیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہا کہ کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے کو کبھی بھی قبول نہیں کریں گے اور 27 اکتوبر کو تب تک ”یوم سیاہ“ کے طور پر مناتے رہیں گے جب تک وہ بھارت کی غلامی سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں موجود کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل اور بھارتی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے کشمیریوں کی حالت زار کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانے کیلئے 27اکتوبر کو جلسے جلوسوں ، ریلیوں اور بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کریں ۔انہوںنے کہا کہ بھارت آزادی کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور اس نے کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقراررکھنے کیلئے علاقے میں دس لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کرکے اسے دنیا کے سب سے بڑے فوجی تعیناتی والے خطے میں تبدیل کر دیا ہے۔غلام احمد گلزار نے کہا کہ بھارتی فورسز نے کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل، بلا جواز گرفتاری اور تشدد روز کا معمول بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1989 سے اب تک تقریباً ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید جبکہ دس ہزار سے زائد کو لاپتہ کر دیا گیا ہے ، اس وقت حریت رہنماﺅں ، آزادی پسند کارکنوں ، طلباء، صحافیوں ، علما ء،وکلا ، حقوق کے کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیری جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند ہیں۔انہوںنے کہا کہ بھارتی فوج کشمیری خواتین کی آبرو ریزی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور استعمال کر رہی ہے، بھارتی فورسز نے
1989 سے اب تک 13ہزار کے لگ بھگ کشمیری خواتین کی عصمت دری کی ہے جبکہ اس عرصے کے دوران بھارتی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 40ہزار سے زائد خواتین بیوہ اور 1لاکھ سے زائد بچے یتیم ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آر ایس ایس اور بی جے پی کشمیر میں نوآبادیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کا واحد مقصد مقبوضہ علاقے میں مسلمانوںکی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔ مودی حکومت کشمیریوں کا جذبہ آزادی توڑنے اور انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے کیلئے انکی زمییوں ، مکانوں اور دیگر املاک پر قبضہ کر رہی ہے۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ کشمیری بھارت کے تمام تر مظالم اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود شہداءکے مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں ۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف وحشیانہ بھارتی جبر کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔KMS-07/M

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button