پاکستان

مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے بغیر برصغیر کا دائمی امن و استحکام خواب ہی رہے گا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان بہت واضح، غیر متزلزل اور اصولی موقف رکھتا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے بغیر برصغیر کا دائمی امن و استحکام محض خواب ہی رہے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم نے یوم سیاہ کشمیرکے موقع پراپنے ایک پیغام میں کہاکہ ہر سال 27اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا وہ تاریک دن یاد دلاتا ہے جب 78سال قبل بھارت نے اپنی افواج کو سرینگر بھیجا اور اس پر قبضہ کر لیا، میں کشمیری عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی اس جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ 24کروڑ پرعزم پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانی تاریخ کا وہ افسوسناک باب ہے جو آج بھی جاری ہے، اس دن سے لے کر آج تک بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو مسلسل پامال کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں نے 8دہائیوں سے بے پناہ مشکلات اور ظلم و بربریت کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوف اورناانصافی کے سائے میں بھی کشمیریوں کی بہادری، جراتمندی اور کسی دبائو میں نہ آنے والی آزادی کی تڑپ کو ہم سلام پیش کرتے ہیں، بلاشبہ کشمیریوں کا انصاف اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے عزم غیر متزلزل اور دائمی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیوں میں مزید اضافہ کیا ہے جسکا مقصد مقامی آبادی کے تناسب اور سیاسی صورتحال کو تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی کے علاوہ بھارت نے آزادی اظہار رائے اور آزادانہ نقل و حرکت پر بھی پابندی لگا رکھی ہے،کالے قوانین کو لاگو کرتے ہوئے بھارت نے منظم انداز میں ظلم و بربریت اور اشتعال انگیزی کا نظام قائم کر رکھا ہے تاکہ کشمیری عوام کی جائز سیاسی آوازوں اور خواہشات کو دبایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کے نمایاں سیاسی و سماجی رہنمائوں اورمیڈیا نمائندگان کی غیر قانونی اور بلا جواز گرفتاریاں بھارت کے پر تشدد ایجنڈے کا مظہر ہیں، جھوٹے الزامات پر رہنمائوں کو مسلسل پابند سلاسل رکھنا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس طرح کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی ہے جو بین الاقوامی قوانین کے منافی اور اقوام متحدہ کی بے شمار قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اوراپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کے ساتھ جڑے رہیں گے جب تک انکو انصاف پرمبنی اور بین الاقوامی برادری کا حمایت یافتہ حق خود ارادیت نہیں مل جاتا اور انشااللہ وہ دن زیادہ دور نہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button