نریندر مودی میں امریکی صدر کا سامنا کرنے کی ہمت ہی نہیں ہے۔راہول گاندھی

نالندہ بہار:کانگریس کے مرکزی رہنمااور بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی میں امریکی صدر دونالڈ ٹرمپ کا سامنا کرنے کی ہمت ہی نہیں ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ریاست بہار کے علاقے نالندہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر نے کئی مرتبہ یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کی وجہ سے بھارت پاکستان جنگ بند ہوئی تھی لیکن ہمارے وزیر اعظم نے ٹرمپ کا سامنا کرنے یا انکی بات کو غلط قرار دینے کی ہمت نہیں کی، وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں، مودی امریکہ کا دورہ کرنے والے تھے ،لیکن نہیںجا رہے کیونکہ وہ صدر ٹرمپ سے خوفزدہ ہیں۔
راہول گاندھی نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو بھی انکے اس بیان کہ بہار میں کوئی زمین دستیا ب نہیں ہے ،پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے ایک صنعتی گھرانے کو کوڑیوں کے مول پلاٹس دیے لیکن مودی حکومت کے یہ قریبی کارپوریٹ گھرانے بہار کے نوجوانوںکو ملازمت فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت اور ریاست بہار کی حکومت کی مزدور مخالف پالیسیوں کی وجہ سے نوجوان روز گار کے حصول کیلئے دوسری ریاستوںکا رخ کر رہے ہیں۔ KMS-14/M






