شہداءکی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی“ مقبوضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں

سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں تازہ پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے 1947 کے”شہدائے جموں وکشمیر“ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندوتوا قوتوں نے نومبر 1947 کے پہلے ہفتے میں جموں کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کا اس وقت قتل عام کیا تھا جب وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پوسٹر کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی، جموں فریڈم فائٹرز، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، اور جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم نے سری نگر، پلوامہ، بارہمولہ اور جموں خطے کے مختلف علاقوں میں دیواروں ، کھمبوں ، ستونوں وغیرہ پر چسپاں کیے ہیں۔

پوسٹر وں میں درج تحریر میں شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ پوسٹروں میں لکھا ہے”شہداءکی قربانیاں ہرگز رائیگاںنہیں جائیں گی۔ شہداءکے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھی جائے گی۔
پوسٹروں کے ذریعے لوگوں پر زور دیا گیا کہ وہ بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے اور تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید فروغ دیں۔
پوسٹر سماجی رابطوں کی سائٹوں ”ایکس، فیس بک، وٹس ایپ وغیرہ پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔KMS-05/M




