بھارتی میزائل کا ٹکڑا جیسلمیر میں گرنا متعلقہ حلقوں کی نااہلی کا عکاس ہے

جیسلمیر: بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جیسلمیر میں پوکھران فیلڈ فائرنگ رینج کے قریبی دیہاتوں میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک دفاعی مشق کے دوران فائر کیے گئے میزائل کا ایک حصہ ہدف سے ہٹ کر لاٹھی کے علاقے بھادریہ سے تقریبا 500 میٹر کے فاصلے پر گرا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی جس سے آس پاس کے دیہات میں خوف وہراس پھیل گیا۔ بھارتی فوج ، فضائیہ اورپولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں، علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور میزائل کا ٹکڑا برآمد کر کے اسے واپس فائرنگ رینج میں لے گئے۔ایس ایچ او راجندر کمار نے واقعے کو معمول کی مشق کا حصہ قرار دیا۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ جدید ترین فوجی سازوسامان کے استعمال میں متعلقہ حلقوں کی ناتجربہ کاری کو واضح کرتا ہے۔انہوں نے ماضی میں اس طرح کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کچھ سال پہلے ایک بھارتی میزائل پاکستانی حدود میں داخل ہواتھا۔بھارت نے 9مارچ 2022کوہریانہ کے علاقے انبالہ سے غلطی سے براہموس میزائل فائر کیا جو پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ضلع خانیوال کے علاقے میاں چنوںمیں گر کر تباہ ہوگیا۔ماہرین نے خبردارکیا کہ حفاظتی پروٹوکول میں بار بار کی جانے والی کوتاہیوں سے نہ صرف شہریوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ علاقائی کشیدگی میں بھی اضافہ ہوسکتاہے جس سے بھارت میں فوجی مشقوں میں جوابدہی اور آپریشنل نگرانی کے حوالے سے سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔








