مودی حکومت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے
غلام محمد صفی اور دیگر کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری محاصر ے اور تلاشی کی کارروائیوں ، گھروں پر چھاپوں اور سینکڑوں بیگناہ شہریوں کی بلاجواز گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر نے اسلام آباد نیشنل پریش کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران سری نگر، بارہمولہ، پلوامہ، شوپیاں، اور کولگام رامبن، کشتواڑ، راجوری، پونچھ، ڈوڈہ اور دیگر اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران 1500 سے زائدشہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں کئی خواتین اور ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔انہوںنے کہا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں سے بہت سوں کیخلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں جیل دیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ مودی حکومت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے تاہم وہ اپنے مذموم ارادوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔انہوںنے کہا کہ بھارت نئی دلی میں ہونے والے دھماکے میں کشمیریوں کو ملوث کرنے کی کوشش کرر ہا ہے جو صرف اور صرف ان کی منصفانہ جدوجہد کو بدنام کرنے اور مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے توجہ ہٹانے کی ایک بھونڈی کوشش ہے۔
غلام محمد صفی اور دیگر نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی نعیم احمد خان، ڈاکٹرحمید فیاض، ڈاکٹر قاسم فکتو، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، بلال صدیقی، معراج الدین کلوال،ظفر اکبر بٹ ، عمر عادل ڈار،، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین اور دیگر حریت رہنماﺅں ، کارکنوں اورنوجوانوں کی بھارتی جیلوں میں مسلسل نظر بندی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے نظر بندوں کو طبی سمیت تمام بنیاد ی سہولیات سے محروم رکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ تحریک آزادی کے عظیم قائد سید علی گیلانی ، محمد اشرف صحرائی اور الطاف احمد شاہ جیسے رہنما دوران نظر بندی شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوچکے ہیں۔ انہوںنے واضح کیا کہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے اور بھارت اپنے بے بنیاد بیانیے کے ذریعے اسکی متنازعہ حیثیت ہرگز تبدیل نہیں کرسکتا۔ انہوںنے کہا مسئلہ کشمیر کو حل کیے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دیے بغیر خطے میں دیر پاامن وترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانیت کے خلاف جاری سنگین بھارتی جرائم کا نوٹس لیں او ر تنازعہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔




