امریکی دبائو کام کر گیا، بھارت نے روس سے تیل کی خریداری بند کر دی
نئی دلی:
امریکی دبائو اور مغربی پابندیوں کے خدشات کے بعد بھارت نے روس سے تیل کی خریداری تقریبا مکمل طور پر روک دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی جریدے بلوم برگ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیاگیاہے کہ بھارت نے دسمبر کے لیے روسی خام تیل کے آرڈر نہیں دیے ہیں، جو معمول کے مطابق ہر ماہ کی 10تاریخ تک فائنل کر دیے جاتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بھارت کی 5بڑی آئل ریفائنریوں نے رواں ماہ روس سے کسی بھی نئی خریداری کا آرڈر نہیں دیا۔ سرکاری ریفائنری انڈین آئل کارپوریشن نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ انہی سپلائرز سے روسی تیل خریدے گی جن پر پابندیاں عائد نہیں کی گئی ہیں ۔
واضح رہے کہ امریکا نے روس سے تیل خریدنے پر بھارت پر 50فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ بھارت روسی تیل خرید کر یوکرین میں "جنگی مشین”کو ایندھن فراہم کر رہا ہے۔امریکی دبا ئوکے بعد بھارت نے واشنگٹن کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ مستقبل میں روس سے تیل کی خریداری میں کمی کرے گا۔ یہ پیش رفت بھارت کی توانائی پالیسی اور عالمی تجارتی تعلقات کے لیے بڑی تبدیلی سمجھی جا رہی ہے۔





