APHC-AJK

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں عالمی ضمیر کے لیے لمحہ فکریہ ہیں : غلام محمد صفی

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں جاری چھاپوں،تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں ، گھروں کی توڑ پھوڑ، خواتین کی بے حرمتی اور چادر و چار دیواری کی مسلسل پامالی کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد میںجاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی جبر اب ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں انسانی وقار، نجی زندگی، مذہبی شناخت اور شہری آزادیوں کا کوئی تصور باقی نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج مقبوضہ وادی کے طول و عرض میں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر کشمیریوں کے گھروں کو مسمار اورجائیدادوں کوضبط کیاجارہاہے اورکشمیریو ں کو اس قدر خوف و دہشت میں مبتلا کر دیا گیا ہے کہ عام شہری اپنے ہی گھروں میں غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ اقدامات نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ بین الاقوامی انسانی قوانین، جنیوا کنونشنز اور عالمی انسانی ضابطوں کی بھی صریحاخلاف ورزی ہیں۔غلام محمد صفی نے واضح کیا کہ بھارت کی کشمیریوں کے خلاف یہ پالیسی صرف جبر تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی اور قومی و تہذیبی شناخت کو منظم منصوبہ بندی کے تحت تبدیل کرنا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ایک جنگی جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال عالمی برادری، اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں کے لیے ایک بڑے امتحان ہے۔ اگر دنیاکشمیریوں کے خلاف اس منظم ظلم و بربریت پر اب بھی خاموش رہی تو اس کے پورے خطے کے امن اور عالمی انسانی ضمیر پر سنگین اثرات نتائج مرتب ہوں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر نے عالمی اداروں اور طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری چھاپوں، جبری گمشدگیوں، گھروں کی مسماری اور آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی بھارت کی منظم کوششوں کا فوری نوٹس لیںاور مقبوضہ خطے میں اپنی غیر انسانی فوجی کارروائیاں بند ،انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ وادی تک دینے اور کشمیری عوام کو انکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دینے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ غلام محمد صفی نے مذید کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنی آزادی، وقار، شناخت اور مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارت فوجی جبر، ریاستی دہشت گردی، سیاسی انتقام اور اجتماعی سزا کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری نے اب بھی اپنی خاموشی ترک نہ کی تو تاریخ اسے مظلوموں کی فریاد پرایک خاموش تماشائی کے طور پر یاد رکھے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button