مقبوضہ جموں وکشمیر میں پولیس اہلکار کے خلاف دھوکہ دہی کے مقدمے میں چارج شیٹ داخل

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پولیس کی کرائم برانچ نے دھوکہ دہی اوربدعنوانی میں ملوث ایک پولیس اہلکارکے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے جو بھارتی فورسز کے بدعنوانی میں ملوث ہونے کا ایک اورثبوت ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کرائم برانچ نے اسپیشل موبائل مجسٹریٹ پلوامہ کی عدالت میں نارو رتنی پورہ کے ریاض احمد ڈار کے خلاف چارج شیٹ جمع کرائی۔ کرائم برانچ نے کہا کہ یہ مقدمہ مصدقہ اطلاعات سے شروع ہواجس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہیڈکانسٹیبل ریاض احمد ڈار نے ایک پولیس اہلکار کے طور پر اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے متعدد افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دیا۔ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کرائم برانچ سرینگر نے ابتدائی تحقیقات شروع کی ۔تحقیقات سے ابتدائی شواہد سامنے آئے کہ ملزم نے ذاتی فائدے کے لیے لوگوں کی امنگوں اور اعتماد کا استحصال کرتے ہوئے دھوکہ دہی سے ان سے رقم وصول کی ۔ یہ واقعہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی بڑے پیمانے پر بدعنوانی اوراختیارات کے غلط استعمال کا محض ایک چھوٹا ساثبوت ہے جس میں ماورائے عدالت قتل اور شہریوں کو عسکریت پسند قرار دینا بھی شامل ہے۔الزامات کی تصدیق کے بعد باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیااورچارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔





