بھارت
بھارتی پرواز میں بم کی اطلاع، ممبئی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ، مسافرپریشان
نئی دہلی:کویت سے بھارتی شہر حیدرآباد آنے والی پرواز میں بم کی اطلاع ملنے پر ایئرپورٹ حکام میں کھلبلی مچ گئی، تاہم اطلاع بعد میں جھوٹی ثابت ہوئی ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح موصول ہونے والی ایک دھمکی آمیز ای میل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پرواز میں دھماکہ خیز مواد موجود ہے۔ای میل ملتے ہی طیارے کو حیدرآباد کے بجائے ممبئی ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا جہاں مسافروں اور سامان کو فوری طور پر طیارے سے اتار کر مکمل تلاشی لی گئی۔ سیکیورٹی اداروں نے طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کی تاہم کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔حکام کے مطابق ای میل مکمل طور پر جھوٹی ثابت ہوئی جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ دھمکی بھیجنے والے شخص کا سراغ لگایا جا سکے۔







