کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندیوں پر اظہار تشویش

سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس نے سیاسی رہنمائوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے اور سیاسی اختلاف رائے کو دبانے کیلئے کالے قوانین کاوحشیانہ استعمال کر رہاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 4ہزارسے زائد کشمیری بدستور بھارتی جیلوں میں پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قوانین کے تحت قید ہیں۔ حریت رہنمائوں کی بار بار جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے تحت نظربندی سے مقبوضہ علاقے میں پر امن سیاسی سرگرمیوں پر عائد قدغن اور اظہار رائے کی آزادی پرپابندی ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری نظربندوں کو علاج معالجے اور مناسب خوراک سے محروم رکھ کر اکثر جیل کی تاریک کوٹھریوںمیں قید رکھاجاتا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ کشمیری نظربندوں کے اہلخانہ کو اپنے پیاروں کی سکیورٹی کے بارے میں شدید تحفظات لاحق ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھارت قیدیوں کے حقو ق سے متعلق جنیوا کنونشنز سمیت بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی کررہا ہے ۔حریت ترجمان نے کہاکہ کالے قوانین کے بار بار استعمال سے بھارت کی بدترین سیاسی انتقام کی پالیسی ظاہرہوتی ہے ،کشمیریوںکی غیر قانونی گرفتاریوں اور نظربندیوں کا مقصد جان بوجھ کر ان کے جذبہ حریت کو کمزور کرنا ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔




