پوسٹروں میں اقوام متحدہ سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے کا مطالبہ

سرینگر: انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کئی حریت پسند تنظیموں نے سرینگر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے ہیں جن میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔




کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹروںمیں زمینوں اور جائیدادوں پر قبضے، گھروں کی تباہی اور کشمیری سرکاری ملازمین کی برطرفی کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت کی منظم ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی گئی۔ پوسٹرں میں بھارتی حکام کی طرف سے تباہ کیے گئے گھروں اوردیگر املاک کی تصاویر بھی لگی ہوئی ہیں۔ ان میں کہاگیا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت سمیت بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ پوسٹروں میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اور سیدہ آسیہ اندرابی سمیت غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری رہنمائوں کی حالت زارکو اجاگرکیاگیا۔ پوسٹروں میں کشمیر یوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت پر زور دیاگیا۔ مقبوضہ علاقے میں قتل وغارت، چھاپوں اور محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوںکے دوران گرفتاریوںکی عالمی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔پوسٹرایکس ، فیس بک اوروٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی گردش کررہے ہیں۔




