پاکستان کشمیریوں کی منزل مقصود اور محفوظ ترین پناہ گاہ ہے، سردار عتیق

میر پور: آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی منزل مقصود اور محفوظ ترین پناہ گاہ ہے جبکہ ”کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ“ جنوبی ایشیا کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سردار عتیق احمد خان نے آ ٓزاد جموں وکشمیر کے ضلع میر پور کی تحصیل ڈڈیال میں مسلم کانفرنس کے ووکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کہا کہ انکی جماعت پاکستان کے ساتھ غیر مشروط وابستگی پر یقین رکھتی ہے ، مسلم کانفرنس کو کمزور کرنے کا مطلب قائد اعظم ؒ کی کشمیر پالیسی کو کمزور کرنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسلم کانفرنس وہ جماعت ہے جو ریاست جموںوکشمیر کے تشخص اور وحدت کی پہرے دار ہے۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی مخالفت مملکت خداداد پاکستان کی مخالفت کے مترادف ہے،دشمن ہماری اندرونی تقسیم اور ہمارے سیاسی عدم استحکام سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بزدل دشمن بھارت نے ہمارے ساتھ فوجی پنجہ آزمائی میں ہزیمت و ناکامی کے بعد ہمیں اندرونی طور پر عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ دشمن ہماری صفوں میں انتشار اور بدامنی پیدا کر کے پاکستان کی شہ رگ پر ہاتھ ڈالنا چاہتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ آنے والی نسلوں کا مستقبل کشمیر بنے گا پاکستان سے وابستہ ہے،پاکستان اور ریاست جموں وکشمیر کے درمیان موجود لازوال رشتوںپر پہرے داری کے بغیر تحریک آزادی کا سفر ہرگز مکمل نہیں ہوسکتا۔
یوتھ کنونشن میں مسلم کانفرنس کی جنرل سیکرٹری مہر النسا، چوہدری شوکت علی صدر ضلع میرپور،چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان، مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ، راجہ ظفر معروف،سابق ممبر کشمیر کونسل سید غلام رضا نقوی ایڈووکیٹ، چوہدری خضرحیات، راجہ شفیق خان،راجہ وسیم خالد، ساجد قریشی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماشریک تھے۔






