سڈنی حملہ آور ساجد اکرم کا بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن میں ملٹری ٹریننگ لینے کا انکشاف
حملہ آور ساجد اکرم اور اس کے بیٹا نوید اکرم نے نومبرمیں فلپائن کا دورہ کیاتھا

سڈنی :آسٹریلیا کے مشہور ساحلی علاقے بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کے بارے میں نئی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فلپائن کے امیگریشن حکام نے دعویٰ کیاہے کہ مبینہ حملہ آور ساجد اکرم اور اس کا بیٹا نوید اکرم نومبر میں فلپائن میںایک ماہ تک مقیم رہے تھے ۔ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ساجد اکرم فلپائن میں بھارتی شہری کے طور پر داخل ہوا جب کہ اس کا بیٹا نوید اکرم آسٹریلوی شہری ہے۔ بی بی سی نے دعوی کیا ہے کہ حملہ آوروں نے فلپائن میں ملٹری ٹریننگ حاصل کی۔دونوں یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن پہنچے اور 28 نومبر تک وہاں مقیم رہے ۔آسٹریلوی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق حملہ انتہا پسند نظریات سے متاثر ہو کر کیا گیاہے۔حکام کے مطابق حملہ آوروں کی گاڑی سے دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد اور شدت پسند تنظیم سے منسوب جھنڈے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد کئی زخمیوں کو سڈنی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ واقعہ انتہا پسند سوچ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے اور اس حوالے سے سیکیورٹی ادارے مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔ واقعے کے بعد آسٹریلیا میں اسلحہ قوانین پر نظرثانی اور سیکیورٹی مزید سخت کرنے پر بھی غور شروع کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شہر سڈنی کے بونڈی بیچ پرساجد اکرم اور نوید اکرم نے فائرنگ کرکے 15 افراد کو ہلاک کردیا تھا اور واقعے میں متعدد شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔






