سڈنی حملے کے مرکزی کردار ساجد اکرم کا بھارتی پاسپورٹ منظر عام پر آ گیا
بھارتی نژاد نوید اکرم پر قتل اور دہشتگردی سمیت 59 الزامات عائد


سڈنی:آسٹریلیا کے شہر سڈنی کی بونڈائی بیچ پر ہونے والے ہولناک دہشتگرد حملے کے مرکزی کردار ساجد اکرم کا بھارتی پاسپورٹ منظرعام پر آ گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ساجد اکرم، جو حملے کے دوران پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا تھا، بھارتی پاسپورٹ پر بین الاقوامی سفر کرتا رہا۔
غیر ملکی میڈیا اور تفتیشی اداروں نے امیگریشن حکام کے حوالے سے بتایاہے کہ ساجد اکرم نے حملے سے کچھ عرصہ قبل فلپائن کا سفر بھی بھارتی پاسپورٹ پر کیا تھا۔آسٹریلوی پولیس کا کہنا ہے کہ ساجد اکرم اپنے بیٹے نوید اکرم کے ہمراہ اس حملے میں ملوث تھا، جبکہ نوید اکرم اس وقت شدید زخمی حالت میں زیر حراست ہے اور اس پر 59الزامات عائد کیے جا چکے ہیں، جن میں 15 قتل اور دہشتگردی کا سنگین الزام بھی شامل ہے۔پولیس نے بونڈائی بیچ حملے کو باقاعدہ دہشتگردی قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزمان کی گاڑی سے شدت پسند تنظیم داعش سے منسوب جھنڈے اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔آسٹریلوی حکام کے مطابق ساجد اکرم کا تعلق بھارت کے شہر حیدرآباد سے تھا، تاہم اس کے اپنے اہلِخانہ سے روابط محدود تھے۔ واقعے کے بعد سڈنی سمیت پورے ملک میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ حملے میں زخمی متعدد افراد تاحال ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بوندی بیچ پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے دوسرے مرکزی کردار نوید اکرم کا آسٹریلوی پاسپورٹ بھی منظر عام پر آ گیا ہے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ نوید اکرم اپنے والد ساجد اکرم کے ہمراہ اس حملے میں ملوث تھا۔






