مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں وکشمیر میں برف باری کے باعث اہم رابطہ سڑکیں بند

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی برفباری کے باعث مغل روڈ اور سنتھن ٹاپ روڈ سمیت وادی کشمیر کی اہم رابطہ سڑکیں بند کردی گئیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیر کی گلی میں تین انچ سے زائد برف جمع ہونے کے بعد پونچھ اور راجوری کو شوپیاں سے ملانے والے مغل روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔ کشتواڑ اور ڈوڈہ کوضلع اسلام آباد سے جوڑنے والے سنتھن ٹاپ روڈ کو بھی بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر بند کر دیا گیا ۔ بانڈی پورہ ۔ گریز روڈ کو پہلے ہی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔







