مئی کی جنگ میں افواج پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا، وزیر اعظم

مظفر آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی کی جنگ میں افواج پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم نے آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد کی یونیورسٹی میں طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت جلد آئے گا جب مقبوضہ جموں وکشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوگااور کشمیر بنے گا پاکستان کا خواب پورا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا حق دلوائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا آزادکشمیر میں چار دانش سکولوں کی تعمیر کی منظوری دی ہے، یہاں دانش یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔
قبل ازیں ِ وزیر اعظم نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تعاون سے نو تعمیر شدہ آزاد کشمیر کے پہلے کینسر ہسپتال کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ ہسپتال کو آزاد کشمیر کے عوام کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے،یہ ہسپتال آزاد کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا طبی ادارہ ہے، جو کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ ہسپتال کے قیام سے خطے کے مریضوں کو علاج کی بہتر سہولت میسر آئے گی ۔امبور مظفرآباد میں قائم یہ ہسپتال جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے اور کینسر کے علاج، تشخیص اور دیکھ بھال کے حوالے سے خطے میں نئے امکانات پیدا کرے گا۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے ہمراہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور، صدر مسلم لیگ نون آزادکشمیر و قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور آزادکشمیر کابینہ کے وزرا بھی تھے.







