کرناٹک : بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں12افراد ہلاک
نئی دلی:
بھارتی ریاست کرناٹک میں سڑک کے ایک حادثے میں 12افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع چتردرگا کے علاقے ہیری یور کے گورلاتھو گائوں کے قریب نیشنل ہائی وے پر رات دو بجے کے قریب ایک بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں 12افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ رات تقریبا 2 بجے اس وقت پیش آیا جب مخالف سمت سے آنے والا ٹرک مبینہ طور پر ڈیوائیڈر عبور کر کے بس سے ٹکرا گیا، جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی اور اس نے تیزی سے بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔اطلاعات کے مطابق بس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت 32 افراد سوار تھے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ کئی مسافر شدید زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بھارت میں مہلک سڑک حادثات معمول کی بات ہیں، جن کی بڑی وجوہات اوور لوڈنگ، سڑکوں کی خراب حالت اور لاپرواہ ڈرائیونگ ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔







