APHC-AJK

اقوامِ متحدہ کی قرارداد کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی واضح اور غیر مبہم ضمانت ہے: غلام محمد صفی

باغ ، آزادکشمیر: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہاہے کہ 5جنوری 1949 کو منظورشدہ اقوامِ متحدہ کی قرارداد کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی واضح اور غیر مبہم ضمانت ہے مگر بدقسمتی سے بھارت 78برس گزرنے کے باوجود اس عالمی وعدے سے مسلسل انحراف کرتا چلا آ رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے آزاد جموں وکشمیر کے شہر باغ کے پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہدِ آزادی کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے اور کسی جبر یادبا ئو کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جموں کشمیرکے عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ بھارت کے ریاستی جبر، انسانی حقوق کی سنگین اور منظم پامالیوں اور غیر قانونی اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض بیانات پر اکتفا کرنے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے عملی اور موثر کردار ادا کرے۔سابق کنوینر محمود احمد ساگر نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت اورظلم وجبر کے بل پر کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے جسے کسی صورت دبایا یا ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز بیگ، جماعت اسلامی کے نمائندے خالد کھوکھر، پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما سردار طاہر اکبر اور ممتاز عالم دین مولانا عطا اللہ شاہ نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیمیں حقِ خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔ انہوں نے کہاکہ 5جنوری کویومِ حقِ خودارادیت منانے کا بنیادی مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا اور اقوامِ متحدہ کو اس کی اپنی منظور شدہ قراردادوں کی یاد دہانی کرانا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کی خواہشات اور مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ پریس کانفرنس میں باغ کی صحافتی برادری کی بڑی تعداد موجود تھی ۔صدر پریس کلب باغ سر اکمل عارف نے مہمان مقررین اور صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پریس کلب باغ ہمیشہ حق، سچ اور مظلوم عوام کی آواز کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button