پاکستان

لاہور :کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں

لاہور:کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام کشمیری عوام کا یومِ حقِ خودارادیت منایا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ دن منانے کا مقصد اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حق ، حق خودارادیت کی یاد دہانی کرانا ہے، جس کے تحت انہیں اپنے سیاسی مستقبل کا آزادانہ فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔تقریب سے سابق رکن قانون ساز اسمبلی مولانا شفیع جوش،ایڈووکیٹ منظورحسین گیلانی، کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئرمشتاق محمود،مرزا صادق جرال،فاروق آزاد، چوہدری محمد صدیق، آفتاب نازکی، معروف عالم دین علامہ مشتاق قادری اوردیگرنے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام7دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔اقوام متحدہ نے 5جنوری1949 کو منظور کی گئی قراردادمیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیاتھا۔ بھارت نے اس قرارداد کو تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں جلد ہی رائے شماری کرانے کا وعدہ کیا تھا ۔تاہم کشمیری آج بھی اپنے پیدائشی حق سے مسلسل محروم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے اقدامات عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔انھوں نے عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کا حق دلائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، تاہم عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے کشمیری عوام کو رائے شماری کا حق دلائے۔مقررین نے کہا کہ ہمیں پاک فوج پر فخر ہے جس نے بھرپور انداز میں آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کو دھول چٹائی۔ پاک فوج کے سپہ سالا فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کی جرآت مندانہ قیادت میں پاکستان نے شاندار کامیابی حاصل کی اور دنیا پر اپنی فوجی قوت اور برتری کی دھاک بٹھادی۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی، مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی اور کشمیری عوام کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button