آر ایس ایس نے نریندر مودی کو اپنابہترین نمائندہ قراردے دیا

واشنگٹن:بھارت کی ہندو انتہاپسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنابہترین نمائندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے انداز میں گورننس کے ذریعے تنظیم کے نظریات کو فروغ رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ بات آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسابلے نے واشنگٹن میں ماہرین تعلیم اوربھارتی تارکین وطن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ہوسابلے نے کہاکہ وہ اپنے طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اگرچہ مودی ہمیشہ آر ایس ایس جیسی زبان استعمال نہیں کرتے، ان کے بہت سے اقدامات اسی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بات کرنے کا انداز مختلف ہوسکتا ہے لیکن ہمارے عزائم ایک جیسے ہیں۔ انہوں نے مودی کو سوائم سیوک قراردیا جس کا نقطہ نظر قدرتی طور پر تنظیم کے فلسفے سے ہم آہنگ ہے۔ ہوسابلے نے کہاکہ بہت سے سرکاری پروگرام آر ایس ایس کی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس لیے سوائم سیوک ہونے کے ناطے یہ چیزیں فطری طور پر وزیر اعظم کو آتی ہیں۔ انہوں نے 2022 میں یوم آزادی کی تقریر میں مودی کی طرف سے بیان کردہ” آتمہ نر بھر بھارت“اور ”پنچ پران“ جیسے اقدامات کا حوالہ دیا۔







