اترپردیش :بی جے پی جعلی ووٹ بنانے کے مشن پر عمل پیرا ہے، اکھلیش یادو
لکھنو:
سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اکھلیش یادو نے ہندوتوا بھارتیہ جنتاپارٹی کو کڑی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی ریاست اترپردیش میں جعلی ووٹ بنانے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اکھلیش یادو نے لکھنو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اترپردیش میں خصوصی جامع نظرثانی کے دوران 2کروڑ 89لاکھ ووٹروں کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے خارج کیے جانے پر بی جے پی پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ووٹ بنانے کے مشن پر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے عوام سے کہاکہ وہ متعلقہ فورم پر جاکر ووٹر لسٹ کے مسودے میں اپنا ووٹ ضرور چیک کریں ۔ انہوں نے کہا: عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے ووٹ کی حفاظت کریں اور بی جے پی کے جھوٹے بیانیے کا شکار نہ بنیں ۔اکھلیش یادو نے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ بی جے پی لیڈر خودووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی پر پریشان ہیں اور ووٹروں کی تعداد بڑھانے کیلئے انتظامی افسران پر دبائو ڈالاجارہاہے۔اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ اگر بی جے پی جعلی ووٹ بنانے کی کوشش کرتی ہے تو سماج وادی پارٹی کے کارکن اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایاکہ خود وزیراعلی افسران کو ووٹ بڑھانے کی ہدایت دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ووٹر لسٹ پر خصوصی جامع نظرثانی کے دوران 2کروڑ 89لاکھ ووٹروں کے نام ہذف کئے جانے پراپوزیشن سیاسی جماعتیں بی جے پی پر کڑی تنقید کر رہی ہے ۔ الیکشن کمیشن اسے انتظامی اور قانونی عمل جبکہ اپوزیشن اسے سیاسی سازش قراردے رہی ہیں۔





