بھارت

نئی دلی: انتخابی فہرستوں میں تبدیلی کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج

چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا

نئی دلی: نئی دہلی میں آج حزب اختلاف کی جماعتوں کی قیادت میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے انتخابی فہرستوں میں تبدیلی کے عمل کو متنازع قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس سے حکمران جماعت کو غیر منصفانہ فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتخابی فہرستوں پر ملک گیر نظرثانی کے عمل نے گزشتہ ایک ماہ سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں سیاسی تنازعات اور سڑکوں پر احتجاج کو جنم دے رکھا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ اس عمل کو وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کے حق میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
آج(اتوار ) اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما اور پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی اور دیگر اپوزیشن رہنمائوں کی قیادت میں مظاہرین نے نئی دہلی کے مرکزی علاقوں سے رام لیلا میدان تک مارچ کیا۔ مظاہرین ڈھول بجاتے ہوئے نعرے لگا رہے تھے ” ووٹ چور، اپنی نشست چھوڑ دو”۔
مظاہرین میں شامل ایک خاتون 46 سالہ نندیتا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ 18 سال کی عمر سے ووٹ ڈال رہی ہیں، لیکن اب انہیں معلوم ہوا ہے کہ ان کا نام ووٹر فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں حالات جس سمت جا رہے ہیں، اس کے پیش نظر احتجاج میں شرکت ضروری ہے۔ مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور پرامن طریقے سے سڑکوں پر نکلنا ہی واحد راستہ ہے۔
انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے نتیجے میں 13 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ افراد کے نام انتخابی فہرستوں سے نکال دیے گئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے رپورٹ کردہ ان اعداد و شمار کا اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
ناموں کے اخراج سے اقلیتیں، خصوصا مسلمان، غیر متناسب طور پر متاثر ہوئے ہیں۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھی ووٹر فہرستوں سے ناموں کے اخراج کے عمل کو من مانا اور سنگین خامیوں پر مبنی قرار دیا ہے۔تنظیم نے حال ہی میں جاری بیان میں کہا کہ حکام کو ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کا یہ عمل فوری طور پر ختم کر دینا چاہیے، جس کے باعث سب سے زیادہ محروم طبقات کو ووٹ کے حق اور دیگر سرکاری خدمات سے محروم کیا گیا ہے۔
نوجوانوں کی قیادت میں چلنے والی احتجاجی تحریک ”کاکروچ جنتا پارٹی ” بھی ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے خلاف مہم میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔
گزشتہ ماہ ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران اس تحریک کے متعدد رہنمائون کو پولیس نے عارضی طور پر حراست میں بھی لیا تھا۔
یا د رہے کہ اس سے قبل جولائی میں امتحانات میں بے ضابطگیوں کے خلاف کاکروچ تحریک کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں وزیر تعلیم کو استعفی دینا پڑا تھا، جسے مبصرین کی جانب سے مودی حکومت کی ایک غیر معمولی پسپائی قرار دیا گیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button