مقبوضہ جموں وکشمیر:مغل روڈ ساتویں روزبھی بند،سرینگر جموں شاہراہ پرٹریفک سست روی کاشکار
سری نگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں خطے کے ضلع پونچھ سے ملانے والی مغل روڈ آج مسلسل ساتویں روز بھی بند رہی ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق روڈ برف باری کیوجہ سے پیر کے دن بند ہو گئی تھی۔ سخت ٹھنڈ کی وجہ سے سڑک کی بحالی کے کام میں دشوای کا سامنا ہے لہذا اسے دوبارہ کھولنے کی کوششیں فی الحال ملتوی کر دی گئی ہیں۔
دریں اثنا، مقبوضہ وادی کشمیر کی بیرونی دنیا سے ملانے والی واحد سری نگر جموں شاہراہ پر بھی سخت موسمی حالات کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت انتہائی سست روی کا شکار ہے ۔ جگہ جگہ ٹو ٹ پھوٹ اور لینڈ سلالیڈنگ کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔
محکمہ ٹریفک نے ایک تازہ ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں مسافروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دن کی روشنی میں سفر کریں اور ناشری اور نویوگ سرنگوں کے درمیان رات کے سفر سے گریز کریں۔ ڈرائیوروں کو بھی ٹریفک قوانین اور ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔







