پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کردیا
دہشت گردی سے متعلق بھارتی الزامات سیاسی مقاصد کیلئے گھڑی گئی من گھڑت کہانی قرار
اسلام آباد:
پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دہشت گردی کے الزامات کوسیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانی قرار دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطا بق دفترخارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانی ہیں۔ بھارتی بیان بازی پرانی، روایتی اور گمراہ کن ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات خود بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی نیوی کا حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں پکڑا گیا۔یہ نا قابل تردید ثبوت ہے کہ بھارت دہشتگردی کو ہمسایہ ممالک میں فروغ دیتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ بھارت کی جانب سے ماورائے عدالت قتل اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کی مثالیں ریکارڈ پرموجود ہیں، پاکستان نے بھارت کو اشتعال انگیز بیانات سے باز رہنے کا مشورہ دیا، بھارت میں بڑھتا ہوا انتہاپسندانہ اور مذہبی بنیادوں پر تشدد خطے کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر ملاقاتوں میں فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کے حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پاکستان فلسطینیوں اور کشمیر یوںکے حق خود ارادیت کے اصولی موقف پر قائم ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس ناقابل تنسیخ حق کے تحفظ کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے گا۔نائب وزیراعظم نے او آئی سی کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنا اہم کردار جاری رکھیں ۔وزارت خارجہ کے مطابق اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان نے صومالی لینڈ سے متعلق اپنے موقف کا اعادہ کیا،۔نائب وزیراعظم نے اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کی شدید مذمت کی۔ صومالیہ کی خودمختاری پر حملہ ناقابل قبول ہے۔




