مجاہد کمانڈر انجینئر ہارون عباس کو شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش

اسلام آباد: پاسبان جموں و کشمیرنے معروف مجاہد کمانڈر انجینئر ہارون عباس وانی کو انکی شہادت کی چھٹی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداءکی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انجینئر ہارون عباس بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے علاقے گندنہ میں 15جنوری 2020کو بھارتی فوج کے ساتھ ایک جھڑپ میں شہید ہو گئے تھے۔ پاسبان جموں وکشمیر نے شہید کی برسی پر ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا جس کی صدارت پاسبان جموں و کشمیر کے وائس چیئرمین عبد الرشید بٹ نے کی۔
تقریب کا آغاز اللہ تعالی کے پاک کلام سے کیا گیا۔ جس کا فریضہ حافظ روحیل نے ادا کیا اور اس کے بعد نعت پاک پیش کی گئی۔دعائیہ مجلس سے عبدالرشید بٹ ، محمد اویس بلال، خالد شبیر، قاضی محمد عمران، محمد سلیم، ظاہر اعجاز، شاہد آفریدی، امتیاز احمد بٹ، سید فیضان فاروق، حافظ انعام اللہ ڈار اور منظور احمد نے خطاب کیا ۔ انہوں نے نے انجینئر ہارون عباس وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج انہیں شہادت کے عظیم رتبے پر فائر ہوئے چھ برس بیت گئے لیکن ا±ن کی خوبصورت یادیں آج بھی ہمارے ذہنوںمیں تروتازہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فرقان آباد ڈوڈہ کے رہائشی ہارون عباس وانی ایک علیٰ تعلیم یافتہ نوجوان تھا۔ انہوںنے کہا کہ تحریک آزادی میں شہید کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔مقررین نے کہا کہ شہید کی نماز جنازہ میں بھارتی پابندیوں کے باوجود 15ہزار سے زائد لوگ شریک ہوئے تھے اور پورا علاقہ آزادی اور اسلام کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا تھا۔مقررین نے کہا کہ غیور کشمیری عوام انجینئر ہارون عباس اور دیگر لاکھوں کشمیری شہداءکے قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا دعائیہ مجلس میں 22 سال قبل آج ہی کے روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے معروف مجاہد کمانڈر غلام رسول ڈار، عباس راہی، عابد ترالی کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔








