مقبوضہ کشمیر :کالے قوانین کے تحت متعدد نوجوان گرفتار
سرینگر:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز نے متعدد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر اور بڈگام اضلاع میں بھارتی فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران مسلم لیگ کے رہنما حیات احمد بٹ، غلام قادر میر اور ان کے بیٹے عبدالقدیر میر، زبیر احمد بنگرو، بلال احمد بنگرو اور سجاد احمد بنگرو سمیت ایک درجن سے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔گرفتارکئے گئے نوجوانوں پر کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں اور انہیں کوٹ بھلوال، ادھم پور اور سرینگر کی جیلوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ 26جنوری کو جسے کشمیری یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں کی آمد سے قبل ہی عام شہریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور متعدد کشمیری نوجوانوں کو پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کردیاگیاہے ۔
یوم جمہوریہ سے قبل پورے مقبوضہ علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں ، گرفتاریوں اور سخت پابندیوں کے علاوہ بڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں تیز کردی ہیں ،جس سے پورے مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم ہو گیاہے ۔
ادھر تلاشی کی ایک اور کارروائی کے دوران بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹنی سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیاہے ۔







