بھارت مقبوضہ کشمیر میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی جواز نہیں رکھتا، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی
بھارتی جمہوریت کا مکروہ چہرہ پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے ، تحریک وحدت اسلامی

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت فوجی طاقت کے بل پر سلب کر رکھا ہے اور وہ علاقے میں اپنے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی اخلاقی اور قانونی جواز نہیں رکھتا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت کی سامراجی موجودگی اور کشمیریوں کے سیاسی و انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا ملک جو مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت اور تباہی کا ذمہ دار ہے اور جس نے دہائیوں سے کشمیری عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے، اسے کسی بھی صورت یومِ جمہوریہ منانے کا حق حاصل نہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت ایک غاصب ہے جس نے گزشتہ 78 برس سے زائد عرصے سے کشمیریوں کی خواہشات اور جمہوری حقوق کو طاقت کے بل پر کچلا ہے اور انہیں غیر قانونی فوجی قبضے میں رکھا ہوا ہے۔ترجمان نے بھارتی حکمرانوں کے دوہرے معیار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بھارت خود کو دنیا کی سب سے بڑا جمہوری ملک قرار دیتا ہے ہے جبکہ دوسری طرف اس نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر ی بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود اردیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اس عظیم مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا تحریک وحدت اسلامی جموں وکشمیر کے ترجمان نے بھی سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی جمہوریت کا مکروہ چہرہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت ایک جمہوری ملک کہلانے کا ہرگز مستحق نہیں کیونکہ اس نے کشمیریوں کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی قبضے میں کشمیریوں کی جانیں، املاک اور عزت و آبرو کچھ بھی محفوظ نہیں ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کی شناخت چھینے اور انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیری اس مرتبہ بھی بھارتی یوم جمہوریہ کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر مناکر اسکے غیر قانونی قبضے کیخلاف بھر پور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔






