مقبوضہ کشمیر:اعلیٰ عدلیہ کو ججوں کی شدیدکمی کی وجہ سے بحرانی صورتحال کاسامنا
ہائی کورٹ کے ججوں کی 40فیصد آسامیاں خالی ، بھارتی وزارت قانون و انصاف کا انکشاف

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اعلیٰ عدلیہ کو ججوں کی کمی کی وجہ سے بحرانی صورتحال کا سامنا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں وزارت قانون و انصاف نے انکشاف کیاہے کہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ صرف 14جج تعینات ہیں جبکہ ججوں کی 11اسامیاں خالی ہیں۔قانون اور انصاف کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے یہ معلومات رکن پارلیمنٹ پروفیسر منوج کمار جھا کی طرف سے عدلیہ میں درج شیڈول ذاتوں ، شیڈول قبائل اور دیگر پسماندہ طبقاکی نمائندگی سے متعلق سوال کے جواب میں فراہم کی ۔بھارتی وزارت قانون و انصاف کی طرف سے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں دی گئی معلومات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی40فیصد سے زائد آسامیاں خالی ہیں جن کی وجہ سے کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی میں مسلسل تاخیر کا سامنا ہے ۔







