مقبوضہ کشمیر :حریت کانفرنس کا بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اظہار تشویش
بھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے، ترجمان

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نہتے کشمیر یوں کے خلاف بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیںجس کی پاداش میں بھارت ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اپنے غیر قانونی اقدام کے بعد نہتے کشمیریوں پر جبر و استبداد کا سلسلہ تیز کر دیا اور وہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی ایک منصوبہ بند سازش پرعمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے کے بارے میں اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو مسلسل گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم دنیا اسکے بیانیے کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے اور وہ جموںوکشمیر کو بدستور ایک متنازعہ خطہ مانتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنی جابرانہ پالیسیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا ، تنازعہ کشمیر ایک حقیقت ہے جس کے حل تک خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جبر اور سیاسی ناانصافیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کر دہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔KMS-08/M








