یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد میں عظیم الشان ریلی نکالنے کا اعلان
مظفرآباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ اورریاست کی مختلف سیاسی، سماجی تنظیموںاور حکومت آزاد کشمیر کے نمائندگان نے 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآ باد میںایک عظیم الشان ریلی نکالنے کا اعلان کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ نے مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں کے ہمراہ مظفر آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے جس کی واضح توثیق اقوامِ متحدہ کی متعدد قراردادوں میں موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ ایک دیرینہ اور حل طلب عالمی تنازعہ ہے جس پر عالمی برادری کی توجہ اور کردار ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ایک مسلمہ عالمی حقیقت ہے جسے کسی بھی فریق کے یکطرفہ اقدامات سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔5 اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدامات نہ تو کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت کو تبدیل کرسکتے ہیں اور نہ ہی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو بے اثر بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیری عوام بدترین ریاستی مظالم کا شکار ہیں۔ گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔کشمیریوں سے زبردستی زمینیں اور جائیدادیں چھینی جارہی ہیں اور غیر ریاستی باشندگان کو آباد کرکے علاقے میںآبادی کا تناسب تبدیل کیا جارہا ہے۔ یہ آبادیاتی تبدیلی جینوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہے۔انہوں نے اقوامِ عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کی شناخت پر حملے سے روکے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کارروائی کرے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں نام نہاد انتخابات اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں درج استصوابِ رائے کا متبادل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے اپنی قانونی و اخلاقی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے مو¿ثر اور عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی ہی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام، حکومتِ پاکستان اور پاکستان کے غیور عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے ہر دور میں کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کی۔ پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھاری قربانیاں دیں اور کئی جنگیں لڑیں جو غیر متزلزل وابستگی کا واضح ثبوت ہیں۔جموں و کشمیر کے عوام کو کامل یقین ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری قوت کے طور پر کشمیریوں کی جائزجدوجہد آزادی میں ان کی مکمل اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا اور حصولِ آزادی تک مملکتِ پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی پشت پناہی کشمیریوں کے شامل حال رہے گی۔ اس موقع پر آزاد جموں کشمیر کے مرحوم صدر بیرسٹر سلطان کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور ان کی رحلت کو کنٹرول لائن کے دونوں طرف کشمیریوں کے لئے ناقابلِ تلافی نقصان قراردیاگیا۔پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خواجہ محمد فاروق، ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل ڈاکٹر راجہ سجاد، چیئرمن مہاجرین نمائندہ فورم غلام حسن بٹ، امیر جماعت اسلامی مظفرآباد راجہ آفتاب، ترجمان وزیراعظم آزاد جموں کشمیرشوکت جاوید میر، مسلم کانفرنس جموں کشمیر کے رہنمایاسر نقوی، سمعیہ ساجداوردیگرموجود تھے۔







