یوم یکجہتی کشمیر

جہدوجہد آزادی میں کشمیری تنہا نہیں پاکستان ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے: انجینئر امیر مقام

کشمیریوں نے فیصلہ کر لیا کہ” ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے“: غلام محمد صفی

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جہدوجہد آزادی میں کشمیری تنہا نہیں پاکستان ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اورکشمیریوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجینئر امیر مقام نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے امورکشمیروگلگت بلتستان وسیفران چوہدری انوار الحق، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے کشمیر وگلگت بلتستان و سیفران شبیر احمد عثمانی بھی موجود تھے۔انجینئر امیرمقام نے کہاکہ آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا،بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے،5 فروری کو پوری قوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلے گی،کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کہا کہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کشمیری بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں،ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شہید ہوئے،لوگوں کے گھروں کو مسمار کر دیا گیا،مقبوضہ کشمیر میں سچ بولنے والے رہنماو¿ں کو پابند سلاسل کیا گیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیڈر پاکستانیت اور حق خودارادیت کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ فروری کشمیریوں اور پوری دنیا کو پیغام دینے کے لیے منایا جاتا ہے،ہمارا یہ پیغام ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،کشمیری آج بھی مظالم برداشت کر رہے ہیں، کشمیری اکیلے نہیں ہیں ہم سب ان کے ساتھ ہیں،پانچ فروری کو پورے پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، عوامی زنجیر بنائی جائے گی،کشمیر کا معاملہ ہر ایک پاکستانی کا مسئلہ ہے،پاکستان کے کونے کونے سے پیغام جانا چاہیے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھے ہیں،ہر صوبے سے کشمیر کے لیے آواز جانی چاہیے، ہر صوبے میں کشمیر کے حوالے سے واکس ہونگی۔ امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف مظفرآباد جائیں گے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے،معرکہ حق میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی اور نیا جذبہ ملا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ایک منسٹر نے کہا کہ مئی کے بعد پاکستان اب چیمپئن بن کر سامنے آیا ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر اور شہباز شریف نے لیڈ کیا اور ہم نے جنگ جیتی، پوری دنیا میں بیداری آئی ہے،دنیا سمجھتی ہے کہ خطے میں امن کے لیے کشمیریوں کو ان کا حق دینا ہوگا،پاکستانیت کا جذبہ لے کر کل پانچ فروری کے دن سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے،مقبوضہ کشمیر جیل بنا ہوا ہے لاکھوں کی فوج وہاں موجود ہے،مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کو کوئی اجازت نہیں کہ کوئی بات کی جا سکے ،ہم یہ اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے حق کی بات کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ370 اور 35 اے کو معطل کر کے باہر کے لوگوں کو مقبوضہ کشمیر میں بسایا گیا،جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیںہو تا،خطے میں عدم استحکام رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس تعداد جتنی بھی ہو ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کو ان کا حق دینا ہوگا۔5 فروری کے دن کی مناسبت سے مظفرآباد کے مہاجرین کے لیے الاﺅنس بڑھا کر پانچ ہزارروپے کر دیا ہے،وزیر اعظم شہباز شریف اس حوالے سے باضابطہ اعلان مظفرآباد میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کی پوری ٹیم کو داد دیتا ہوں جنہوں نے سب کچھ چھوڑ کر کشمیر کا ایشو زندہ رکھا ہوا ہے۔ غلام محمد صفی نے اس موقع پرکہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تمام لوگوں کی طرف سے حکومت پاکستان اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو ہر وقت کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں،پاکستان کے اپنے بے شمار مسائل ہیں لیکن جس طریقے سے پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوئی انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایک دن کی یکجہتی سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا تو میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان اس کشمیری قوم سے یکجہتی کر رہا ہے جس نے اس ملک میں شامل ہونے کی قرارداد منظور کی تھی،یکجہتی کے حوالے سے پورا سال کام کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے پاکستان کی پالیسی واضح کر دی،پالیسی یہی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے،کشمیریوں کو حق دیا جائے کہ وہ بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ،ہم نے فیصلہ کر لیا کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button