پشاور حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد
پشاور:
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پشاور میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی نکالی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم ،کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں دائود یوسف زئی اور امتیاز وانی نے ریلی کی قیادت کی۔ریلی میں رکن قومی اسمبلی ارباب شیرعلی، ڈپٹی کمشنر پشاورثنا اللہ خان، سیکرٹری ایڈمنسٹریشن شاہدسہیل خان سمیت انتظامی محکموں کے سربراہان، سرکاری و سول سوسائٹی کے اراکین، تاجر برادری اور طلبہ نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی ظلم و جبر کی مذمت اور کشمیریوں سے یکجہتی کااظہارکیا۔شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف نعرے درج تھے۔گورنر ہائوس کے مرکزی دروازے کے سامنے شہدا کشمیر کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیارکی گئی۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور شرکا ریلی نے شہدا کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ایک جائز اور اصولی جدوجہد ہے، کشمیری عوام کے حق آزادی کو طاقت، ظلم و جبر سے نہیں دبایا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے حق آزادی کیلئے ہمیں سفارتی کوششوں کو پہلے سے زیادہ تیز اورموثر بنانا ہو گا، کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور ان کی دیرینہ امنگوں کے مطابق حق خودارادیت دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے کیے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نے مسئلہ کشمیر کو مزید سنگین اور پیچیدہ بنا دیا ہے۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارتی جارحیت اور مظالم کا فوری نوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر عالمی فورم پر جاری رکھے گا ۔ گورنر نے امیدظاہر کی کہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی ظلم، جبر اور غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام ہمیشہ کیطرح اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دہائیوں سے بھارت کیجانب سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی اور مظلوم کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم جاری ہیں۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام جامعہ ایگریکلچر پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں دادئو خان یوسفزئی، امتیاز وانی،صدر کشمیر اسٹوڈنٹس سوسائٹی پشاورساجد میر اور دیگر نے پروگرام میں شرکت کی۔اس موقع پر شرکا نے” کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ ، کشمیر بنے گا پاکستان ، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ”فلک شگاف نعرے لگائے ۔ شرکا نے کشمیر یوںکے ساتھ غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیری قوم کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلوائے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک حق پر مبنی اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے ۔










