آزاد کشمیر

پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی تاریخی یکجہتی پر حریت کانفرنس کا خراجِ تحسین

پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ہر سطح پر ساتھ کھڑا ہے: غلام محمد صفی

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کو تاریخ ساز اور بے مثال قرار دیتے ہوئے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیان میں حکومت پاکستان، پاک فوج، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں، دینی و مذہبی تنظیموں، سماجی و فلاحی اداروں، طلبہ تنظیموں، وکلاء ، صحافتی برادری، سول سوسائٹی اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے عوام کا 5 فروری کو یومِ یکجہتیکشمیر منانے پر دلی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو پاکستان اور آزاد کشمیر بھر میں جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر تقریبات کا منظم، پْرامن اور باوقار انعقاد اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر مکمل طور پر متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرگرمیاں نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے ایک مضبوط اخلاقی سہارا ہیں بلکہ ان کے حوصلوں کو مزید تقویت دینے کا باعث بھی بنی ہیں۔ حریت کنوینرنے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر، ریاستی دہشت گردی، سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسلسل محاصرے کے باوجود عالمی یکجہتی کے باعث کشمیری عوام کے عزم میں مزید پختگی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریبات نے عالمی برادری بالخصوص بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ اور حل طلب بین الاقوامی تنازعہ ہے جسے طاقت، جبر، آبادیاتی تبدیلی، فوجی محاصرے اور سیاسی ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کسی بھی صورت میں اس حمایت سے دستبردار نہیں ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی یہ حمایت محض علامتی نہیں بلکہ اصولی، اخلاقی اور سفارتی ذمہ داری ہے جو اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیری عوام اپنا فطری، قانونی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔کنوینر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہے اور یہ مسئلہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف اور عالمی ضمیر سے جڑا ہوا سوال ہے۔غلام محمد صفی نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا اپنی مصروفیات کے باوجود مظفرآباد آنا کشمیری عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے یہ حقیقت اجاگر ہوئی ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان اور کشمیر محض ہمسایہ نہیں بلکہ ایک قوم ہیں جن کے دکھ، قربانیاں، جدوجہد اور مستقبل مشترک ہیں۔حریت کنوینرنے کہا کہ پاکستانی قیادت کی مظفرآباد آمد نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلایا ہے کہ وہ تنہا نہیں بلکہ ایک ایٹمی طاقت، منظم ریاست اور زندہ قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو بھی مزید تقویت ملی ہے۔ غلام محمد صفی نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کشمیری مہاجرین کے لیے گزارہ الاؤنس میں اضافے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دانشمندانہ، انسانی اور قابلِ تحسین فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے کشمیری مہاجرین کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی آئے گی اور یہ کشمیری عوام سے پاکستان کے دیرینہ عزم کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مہاجرین کی باعزت آبادکاری، روزگار کے مواقع، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل کو بھی مزید مؤثر، تیز اور شفاف بنایا جائے گا۔آخر میں غلام محمد صفی نے اس پختہ یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بھی سیاسی، سفارتی، اخلاقی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی حمایت کو مزید منظم اور مؤثر بنا کر تحریکِ آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ٹھوس اور فیصلہ کن اقدامات کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی، وقار، انصاف اور حقِ خودارادیت کے حصول کے ساتھ ایک روشن اور خودمختار مستقبل کی جانب بڑھیں گے۔


دریں اثنا، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام صدر محمود احمد ساغر نے گزشتہ تین دہائیوں سے مسلسل 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منانے پر عوامِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں ڈی ایف پی کے رہنما نے اس دن کو پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان دائمی اور مضبوط رشتے کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے ظاہر کی جانے والی یکجہتی کشمیری عوام کے ساتھ اس کی وفاداری اور ان کے جائز حق کی حمایت کا واضح ثبوت ہے۔کشمیر یوں کی جاری جدوجہد کو ایک جائز اور مقامی تحریک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے، جس کی ضمانت اقوامِ متحدہ کی متعدد قراردادوں میں دی گئی ہے۔
KMS-1/A

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button