بابر، اورنگزیب اور نظام کی اولادیں زیادہ دن زندہ نہیں رہ سکتیں: بی جے پی رہنما کی دھمکی
نئی دہلی 12جنوری (کے ایم ایس)بھارتی ریاست آسام کے وزیراعلی ہمنتا بسوا شرما نے ریاست تلنگانہ میں اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مسلمان سیاسی رہنماں کے خلاف خوب زہر اگلتے ہوئے کہاکہ بابر، اورنگزیب اور نظام کی اولادیں زیادہ دن زندہ نہیں رہ سکتیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ساوتھ ایشین وائر نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ ہمنتا بسوا شرما کا کہنا تھا کہ جیسے کشمیر کی دفعہ 370 کا خاتمہ ہوا، جیسے رام مندر کی تعمیر کا کام شروع ہوا، اسی طرح یہاں نظام اور اویسی کا نام و نشان بھی مٹ جائے گا اور اس میں اب زیادہ وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی تاریخ بتاتی ہے کہ بابر، اورنگزیب اور نظام بہت دنوں تک زندہ نہیں رہ سکتے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ایک ایسے نئے بھارت کی تعمیر کرنی ہے جس میں کوئی نظام کی تاریخ نہیں پڑھے گا بلکہ ہمارے اپنے رہنماﺅں کی تاریخ پڑھائی جائے گی۔تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد پر تقسیم ہند سے قبل نظام نے برسوں حکمرانی کی تھی اور ان کا اشارہ انہی کی طرف تھا۔ سوشل میڈیا پر اس متنازعہ بیان پربحث جاری ہے اور بہت سے افراد نے اسے اشعال انگیز قرار دیا۔آسام کے وزیراعلی نے بھارت کو نئی سمت دینے کے لیے وزیراعظم مودی کی تعریف اور تلنگانہ میں بے روزگاری کے مسائل پر بھی بات کی لیکن وہ اِس حقیقت سے صاف منہ موڑ گئے کہ جب سے مودی بھارت کے وزیراعظم بنے ہیں تب سے ملک میں بے روزگاری کا سنگین مسئلہ شروع ہوا اور اس وقت ملک ایک بحران سے گزر رہا ہے۔2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارتیہ جنتا پارٹی ملک میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر مظالم کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے۔گزشتہ ماہ ہری دوار میں انتہاپسند ہندﺅں کے ایک جلاس کے موقع پر متعدد ہندو مذہبی رہنماﺅں نے عام ہندوﺅں سے مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے اور ان کا قتل عام اور نسل کشی کرنے کے لیے کہا تھا۔اس واقعے کی کئی ویڈیوز وائرل ہوچکی ہیں اور تمام مقررین واضح طور پر پہچانے جا سکتے ہیں تاہم ابھی تک ان کے خلاف پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ مسلمانوں نے اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔