نریندر مودی پارلیمنٹ آنے سے ڈرتے ہیں کیونکہ وہ سچائی کا سامنا نہیں کر سکتے، راہل گاندھی
نئی دلی:
بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور انڈین نیشنل کانفرنس کے لیڈر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی پارلیمنٹ میں آنے سے ڈرتے ہیں کیونکہ وہ سچائی کا سامنا نہیں کر سکتے جو سابق آرمی چیف ایم ایم ناروانے اپنی کتاب میں بیان ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے نئی دلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم پر پارلیمنٹ میں کسی اپوزیشن ممبر کی جانب سے حملے کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتااور اگر کوئی ایسی حرکت کرتابھی ہے تو اسے فوری طورپر گرفتار کیا جانا چاہیے۔انہوںنے واضح کیاکہ مودی جی سابق آرمی چیف ایم ایم ناروانے کی طرف سے اپنی کتاب میںکئے گئے انکشافات کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نہیں چاہتی تھی کہ وہ پارلیمنٹ میں سابق آرمی چیف کے انکشافات کا معاملہ اٹھائوں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ انہیں ایوان میں بولنے کی اجازت نہیں دی اور کہاگیا وہ کسی کتاب کا حوالہ نہیں دے سکتے۔ پھر میں نے کہا کہ میں کتاب کا نہیں، بلکہ ایک رسالے کا حوالہ دے رہا ہوں۔ تب انہوں نے کہا کہ آپ رسالے کا بھی حوالہ نہیں دے سکتے۔ پھر میں نے کہا کہ میں اس پر بولوں گا۔ تب کہا گیا کہ آپ اس پر بول بھی نہیں سکتے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ ایک بڑا سنگین معاملہ ہے کہ صدر کے خطاب پر اپوزیشن لیڈر اور پوری اپوزیشن کو بولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ دوسرا معاملہ یہ ہے کہ حکومت کے ایک رکن نے کئی کتابوں کا حوالہ دیتے ہوئے بہت ہی قابل اعتراض باتیں کہیں اور اس پر کچھ نہیں کہا گیا۔ وہ جو چاہیں، جب چاہیں کہہ سکتے ہیں۔تاہم اپوزیشن کو بولنے کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ وزیراعظم پارلیمنٹ آنے سے ڈرتے ہوئے ہیں، انہیں پارلیمنٹ میں آنے کا حوصلہ دکھانا چاہیے۔








