ہریانہ : فرید آباد جیل میں مسلم قیدی چاقو کے وار سے قتل

فرید آباد:ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت والی ریاست ہریانہ کی جیل میں ایک مسلمان قیدی کو قتل کر دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ قیدی عبدالرحمان، جو فرید آباد ضلع کی نیملہ جیل میں قید تھا، کو جیل کے احاطے میں قتل کیا گیا۔عبدالرحمان کومقبوضہ جموں وکشمیر سے حال ہی میں جیل میں منتقل کئے جانیوالے ہندو قید ی ارون چوہدری نے کیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق ارون چوہدری نے مبینہ طور پر عبدالرحمان پر تیز دھار ہتھیار سے وار کیا اور وہ جیل کے احاطے میں موقع پر دم توڑ گیا۔
مقتول عبدالرحمان اتر پردیش کے فیض آباد ضلع کے ملکی پور کا رہائشی تھا ۔ وہ گزشتہ سال جون سے حراست میں تھا۔ ایک بھارتی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ عبدالرحمان کو ایودھیا میں دھماکے کی منصوبہ بندی کی سازش کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔






