مقبوضہ جموں و کشمیر

آزادی پسند تنظیموں کا محمدمقبول بٹ کو خراج عقیدت

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں آزادی پسند تنظیموں تحریک وحدت اسلامی ، پیروان ولایت اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما محمد مقبول بٹ شہید کو آج انکی شہادت کی 42ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک وحد ت اسلامی کے چیئرمین فیاض حسین جعفری اور پیروان ولایت کے سرپرست سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ محمد مقبول بٹ نے جموںوکشمیر پر بھارت کے ناجائز اور غیر قانونی قبضے کیخلاف ایک جاندار آواز بلند کی جس کی پاداش میں بھارت نے انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین کشمیر کے اس عظیم بیٹے نے پھانسی کا پھندا چھوم لینا پسند کیا لیکن بھارتی استعمار کے آگے سر نہیں جھکایا۔انہوںنے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعویدار بھارت نے شہید کی لاش ورثا کے حوالے کرنے کے بجائے تہاڑ جیل کے احاطے میں ہی دفن کردی اور یوں ورثا کو ہمیشہ کیلئے ایک اور ذہنی کرب میں مبتلا کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبول بٹ کو پھانسی دیکر یہ خیال کر بیٹھا تھا کہ اب کشمیری خوفزدہ ہو کر اسکے آگے سر تسلیم خم کر لیں گے لیکن ان کی پھانسی کے محض چند برس بعد1989میں کشمیریوں نے بھارت کے خلاف اپنی جدوجہد میں تیزی لائی اور یوں ہزاروں مقبول بٹ سروں پر کفن باندھ کر حق کے راستے میں کود پڑے۔ انہوںنے کہا کہ شہادتوں اور قربانیوں کا یہ لازول سفر مسلسل جاری ہے ،کشمیری بھارت کے کسی بھی مکرو فریب میں آنے کیلئے ہرگز تیار نہیں ہیں اور اسکے تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
دریں اثنا جموںو کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے محمد مقبول بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم کو مٹی کے اس عظیم فرزند پر فخر ہے جس نے اپنے نظریات پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے پھانسی کا تختہ چومنے کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری آزادی پسند رہنما کی شرمناک پھانسی بھارت کے نظام انصاف کے چہرے پر ایک بڑا دھبہ ہے۔
انہوں نے شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہ حق و انصاف کیلئے مقبول بٹ کی انتھک جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ترجمان نے بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب آزادی کی صبح طلوع ہو گی۔KMS-10/M

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button