کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے وفد نے اقوام متحدہ کے دفتر کو یادداشت پیش کی

اسلام آباد: انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے ایک وفد نے سید فیض نقشبندی کی قیادت میں اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کو ایک یادداشت پیش کی جس میں عالمی ادارے سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کے لئے اپنا کردار اداکرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد میں سینئر حریت رہنما میر طاہر مسعود ، حسن البنائ، شیخ عبدالمتین، انجینئر مشتاق محمود ،امتیاز وانی اور سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ شامل تھے۔ عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل کے نام یادداشت میں ان پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی طر ف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو روکنے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں جسکا وعدہ اقوام عالم نے کشمیریوں سے کررکھا ہے۔
دریں اثناء انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر وادی نیلم میں ینگ مینز لیگ کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔مظاہرین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔








