کشتواڑ:5 برس میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں 35مزدور ہلوک ہو ئے

جموں:غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں گزشتہ پانچ برس کے دوران مختلف ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں حادثات کے باعث کم از کم 35 مزدور ہلاک اور تین دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی حکومت نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ ہلاکتیں پاکل ڈل، کیرو، کوار اور رتلے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں ہوئیں۔ پاکل ڈل میں سب سے زیادہ 16 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، اس کے بعد کیرو میں 8، رتلے میں 6 اور کوار میں 5افراد ہلاک ہو ئے۔
حکومت نے حادثات میں غفلت کا بھی اعتراف کیا۔ تاہم، صرف پانچ سال میں 35ہلاکتیں کشتواڑ پن بجلی گھر کے منصوبوں میں حفاظتی اقدامات میں واضح کوتاہیوں کو ظاہر کرتی ہے۔مزدورتنظیموں کا کہنا ہے کہ حفاظتی پروٹوکول پر عمل درآمد نہ ہونا، مناسب آلات کی کمی، ناکافی تربیت اورمقرروقت میں منصوبے کی تکمیل کے دبائو نے پن بجلی منصوبوں کو مزدوروں کے لیے موت کے جال میں تبدیل کر دیا ہے۔





