پائیدار علاقائی امن و استحکام تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل پر منحصر ہے: مسعود خان

میرپور: آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اورسفارتکارمسعود خان نے کہا ہے کہ تعلیم، نوجوانوں کو بااختیار بنانااور کشمیر کاز کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی پاکستان کی قومی طاقت، خوشحالی اور نظریاتی ہم آہنگی کے بنیادی ستون ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسعود خان نے آزاد جموں و کشمیر کے شہرمیرپور میں محی الدین اسلامک میڈیکل کالج میں ایک پروقارتقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کی حمایت میں ثابت قدم رہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور پائیدار علاقائی امن و استحکام کا انحصار بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے۔انہوں نے تعلیم کے حصول میں طلباء کی لگن اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلباءاور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان بنیادی فرق تعلیمی ترقی میں ہے۔مسعودخان نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ دانشورانہ صلاحیتیں موجود ہیں اور تعلیم اور ہنر مندی میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے اسے ایک اہم عالمی ملک بنا یا جاسکتا ہے۔انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں روحانی روشن خیالی، سماجی بہبود اور تعلیمی ترقی کے فروغ میں پیر سلطان العارفین صدیقی اور ان کے خاندان کے تاریخی کردار کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی روحانی اور انسان دوستی کی خدمات کو سراہا۔






