قابض حکام کی بے حسی کے خلاف سرینگر میں خصوصی افراد کا احتجاجی مظاہرہ

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں خصوصی افراد نے قابض حکام کی بے حسی اورامتیازی سلوک کے خلاف سرینگر کے پریس انکلیو میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کی دیرینہ شکایات کو دور کرنے میں ناکام رہی اور اس نے بار بار کی جانے والی درخواستوں کو نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار یقین دہانیوں کے باوجود علاقے میں خصوصی افراد کے حقوق اور فلاح وبہبود کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔ پلے کارڈز اٹھائے ہوئے مظاہرین نے بتایا کہ انہیں ناکافی انفراسٹرکچر، روزگار کے مواقع کی کمی اور تاخیر سے ملنے والی امداد کی وجہ سے بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جموں میں بھی ایسا ہی احتجاج کیا گیا تھالیکن کوئی بھی حکومتی نمائندہ ان کے ساتھ بات چیت کرنے یا ان کے مطالبات سننے کے لیے آگے نہیں آیا۔مظاہرین نے خصوصی افراد کے حقوق سے متعلق قانون کے مو¿ثر نفاذ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن سے متعلق دفعات کو سختی سے نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ قانون کے تحت فلاحی اقدامات میں توسیع کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے خصوصی افراد کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت شروع کرنے اور تمام محکموں کی طرف سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا طریقہ کار قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔






